پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کا گھانا کا دورہ، فری میڈیکل کیمپ کا قیام

14  دسمبر‬‮  2021

پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے گھانا کی بندرگاہ ٹیما کا دورہ کیا اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ ٹیما بندر گاہ آمد پر گھانا میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور گھانا کے بحری حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔

بندرگاہ کے دورے کے دوران، مشن کمانڈر نے پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ گھانا کی عسکری قیادت بشمول چیف آف ڈیفنس اسٹاف، چیف آف دی نیول اسٹاف اور ایسٹرن نیوی کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے گھانا کی عوام بالخصوص گھانا کی بحریہ کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

پاکستان نیوی کی جانب سے جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خصوصی ٹیم نے 3000 سے زائد مریضوں کو طبی علاج اور ادویات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ کے دوران  کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے فری میڈیکل  کیمپ کے قیام کو مقامی لوگوں نے سراہا۔

 

دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے گھانا کی بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ مشق میں شرکت کی جس سے دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔

موجودہ دورے کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات، بحری تعاون، انسانی ہمدردی اور میزبان بحریہ کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved