سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو جعلی نکلی، امریکی فرانزک کمپنی کی رپورٹ

14  دسمبر‬‮  2021

سابق چیف جسٹس پاکستان کی میاں نواز شریف اور مریم نواز کے کیسز پر اثرانداز ہونے کے متعلق آڈیو ٹیپ جعلی ثابت ہو گئی ہے۔

نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ  ان کی ٹیم نے سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ کا امریکی پریمو فرانزک کمپنی سے فرانزک کرایا ہے، جس کی مد میں کمپنی کو 10 لاکھ روپے بھی ادا کئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فیک فوکس کی جانب سے لیک کی گئی 45 سیکنڈ کی  آڈیو کے پہلے25 سیکنڈز اور بعد کے 10 سیکنڈز کی آڈیو کی ٹون میں واضح فرق ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ایک سے زائد سورسز کو جوڑ کر بنائی گئی ہے، جبکہ آڈیو کا ایک حصہ الگ اور دوسرا الگ ماحول میں بنایا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آڈیو میں سپیکر یعنی سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی ٹون میں کئی بار تبدیلی محسوس کی گئی۔ آڈیو کے پہلے 25 سیکنڈز میں سپیکر بظاہر دور سے بول رہا تھا، اور 25 سیکنڈز کے بعد ٹون تبدیل ہوئی اور بولنے والا مائیک کے قریب سے بول رہا تھا۔

واضح رہے کہ پریمو فرانزک کمپنی آڈیو ویڈیو کے فرانزک کا 30 سال سے زائد عرصے کا تجربہ رکھتی ہے، اور اس کے ماہرین اب تک 5 ہزار سے زائد آڈیو ویڈیوز کے فرانزک کر چکی ہے۔ امریکی ریاستوں کے اٹارنی جنرلز، سی این این اور اے پی سمیت دیگر بڑے ادارے اس کمپنی کے کلائنٹس ہیں۔

یاد رہے کہ فیکٹ فوکس کی جانب سے سابق چیف جسٹس پاکستان کی مبینہ آڈیو لیک کی گئی تھی، جس میں سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نوازشریف اور مریم نواز کو سزا دینے کے احکامات جاری کر رہے تھے۔ مبینہ آڈیو میں ثاقب نثار صاحب کہہ رہے تھے کہ دوستوں نے کہا ہے کہ ہم نے عمران خان کو لے کر آنا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved