دنیا نے توجہ نہ دی توافغانستان میں دہشت گردی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے،شاہ محمود قریشی

15  دسمبر‬‮  2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں صورتحال خراب ہونے سے دہشت گردوں کو ایک اور موقع مل جائے گا، دہشت گردی کے خلاف کی گئی کاوشیں ملیا میٹ ہو جائیں گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وزارتِ خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سنگین ہو رہا ہے۔ پچانوے فیصد شہریوں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں۔ پورا خطہ سردی کی لپیٹ میں آ رہا ہے۔ بارشیں نہ ہونے سے قحط کی صورت حال ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا نے فوری توجہ نہ دی تو خدشہ ہے لاکھوں افغان بچے اور بڑے بھوک اور سردی سے مر جائیں گے۔ ہم اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں لیکن پاکستان تنہا یہ ذمہ داری نہیں اٹھا سکتا۔ دنیا کو فوری مداخلت کرنا ہو گی۔ان کا کہنا ہے کہ  19 دسمبر کو اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔اس اجلاس کا واحد ایجنڈا افغانستان کی صورتحال ہو گا۔ دنیا کو باور کروانا چاہتا ہوں کہ اگر افغانستان کی صورتحال پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو افغانستان میں ابھرتا ہوا انسانی بحران سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں لیکن پاکستان تنہا یہ ذمہ داری نہیں اٹھا سکتا۔ افغانستان میں بارشیں نہیں ہوئیں، قحط کی صورتحال ہے۔ ان کے پاس سرکاری ملازمین کو دینے کے لیے تنخواہیں نہیں ہیں۔ فوری فیصلے نہ کیے گئے تو بڑا بحران آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر افغانستان کا معاملہ اٹھایا۔ پاکستان کہتا رہا کہ افغانستان میں مسلط کی گئی حکومت پرعوام کا اعتماد نہیں ہے، سیاسی سمجھوتے کیلئے آگے بڑھنا چاہیے۔ ہمارے ہاں افغانستان کی صورتحال پر قومی اتفاق رائے موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان میں صورتحال خراب ہونے سے، دہشت گردوں کو پنپنے کا موقع مل جائے گا دہشت گردی کے خلاف کی گئ کاوشیں ملیا میٹ ہو جائیں گی۔ دہشتگردی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے۔ دنیا کو اب توجہ دینی ہوگی۔ پاکستان پہلے بھی  کہتا رہا کہ افغانستان میں مسلط کی گئی حکومت پر عوام کا اعتماد نہیں ہے سیاسی سمجھوتے کیلئے آگے بڑھنا چاہیے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved