سپریم کورٹ میں بھنگ کا تذکرہ، جسٹس مظاہر نقوی نے فوائد بھی بتا دئیے

15  دسمبر‬‮  2021

سپریم کورٹ آف پاکستان میں منشیات کے ملزمان کی سزاؤں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ بھنگ تو بہت سی بیماریوں کا علاج ہے، انسانی اعصاب کے لیے قوت بخش ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے سات رکنی لارجربنچ نے منشیات کے ملزمان کی سزاؤں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالتِ عظمیٰ نے دورانِ سماعت سپریم کورٹ نے عدالتی معاونین کو تحریری معروضات جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ اور کہا کہ سینیٹ کی ایک کمیٹی منشیات کے ملزمان سے متعلق قانون سازی کر رہی ہے، سینیٹ کی کمیٹی میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا جائے۔
خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ حکومت جو قانون سازی کررہی ہے اس میں مختلف منشیات کی نوعیت کے مطابق سزائیں ہوں گی۔
جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ پہلے بھنگ اور ہیروئین کی سزا برابر تھی۔ اگر بھنگ اور ہیروئین کی سزا الگ الگ کی جارہی ہے تو یہ خوش آئند ہے۔ بھنگ ہیروئین سے کم خطرناک نشہ ہے
جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بھنگ تو بہت سی بیماریوں کا علاج ہے۔ بھنگ انسانی اعصاب کیلئے قوت بخش ہے۔ مختلف ممالک میں بھنگ کو دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ اب تو حکومت بھی بھنگ پر پالیسی بنا چکی ہے۔
عدالتی معاون اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت کو ایک دلچسپ واقعہ سنانا چاہتا ہوں، نواز شریف ہزاروں افراد کے ساتھ ضیاءالحق کی برسی کے لیے اسلام آباد آئے تھے، اطلاع ملی کہ زیرو پوائنٹ پر بسیں روک دی گئی ہیں، سیکیورٹی خدشات پر تشویش ہوئی تو آئی جی نے بتایا کہ بسوں میں بھنگ کاٹ کاٹ کر بھری جا رہی ہے۔
اعتزاز احسن کے واقعہ سنانے پر عدالت میں قہقہے گونجنے لگے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے کیس کی سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved