وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی بلکہ دہشت گردی کے پیچھے بزدلانہ سوچ ہوتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک سکول پر بیان میں کہا ہے کہ آج کا دن پوری قوم کو کربناک سانحے کی یاد دلاتا ہے۔ بزدل شرپسند عناصر نے ہمارے مستقبل اورنہتے کمسن بچوں پرحملہ کرکے انہیں شہید کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج کا دن آرمی پبلک سکول کے ان بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے جو اپنے طالبِ علموں کی حفاظت کیلئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔ اس سانحہ کے بعد بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف مزید بلند ہوئے۔ پوری قوم متحد ہوئی اور ہم نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دشمنوں کو انکے ٹھکانوں میں ڈھونڈ ڈھونڈ کر نشانہ بنایا۔
Dec 16, 2014, terrorists attacked & martyred over 140 ppl incl 132 children in APS,Peshawar. Pak has successfully defeated terrorism.I reiterate we will never let down the survivors & parents of our martyred children.There is zero tolerance for violence & those using it as a tool
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 16, 2021
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ اے پی ایس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، شہدائے اے پی ایس نے پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، بچوں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اور پرامن پاکستان کی بنیاد رکھی۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں، شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔