وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ مردوں کے ووٹ ڈالنے میں ن لیگ کو خاص مہارت ہے، قبرستان پر کمیٹیاں بٹھائی ہوئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں شہباز گل نے بتایا کہ مردہ شخص کے 2 دفعہ ووٹ ڈالے گئے اور 15، 15 ہزار تک فوت شدہ افراد کے ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ مردوں کے ووٹ ڈالنے میں مسلم لیگ ن کو خاص مہارت ہے۔ اسی لیے مسلم لیگ ن نے قبرستان پر کمیٹیاں بٹھائی ہوئی ہیں۔
اجلاس میں مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ بے نامی اکاؤنٹس سے شہباز شریف کو اربوں روپے منتقل کیے گئے، منی لانڈرنگ کے معاملے میں شہبازشریف براہ راست ملوث ہیں، شہبازشریف کے خلاف تمام ثبوت آگئے ہیں، اب عدالتوں کا کام ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ جس طرح مردوں میں ان کے ووٹ بڑھ رہے ہیں اس سے وہ کامیاب ہوں گے اور جب تک ای وی ایم نہیں آئے گی مردوں کے ووٹ پڑتے رہیں گے۔