چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خلاف جنگ کو اولین ترجیح دیتا ہے، بدعنوانی کے ذریعے اربوں روپے لوٹنے والوں کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچا یا جاے گا۔
نیب ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح اجلاس کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں میگا کرپشن کیسز میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ قومی احتساب بیورو وائٹ کالرکرائم اور بدعنوانی کے مقدمات کو اولین ترجیح دے رہا ہے، جنھوں نے پاکستانیوں کے اربوں روپے ہڑپ کیے اور بدعنوانی کی انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، بدعنوانی سے پاک پاکستان نیب کا عزم ہے اور اس نعرے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کا کسی فرد، جماعت یا کسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس کا تعلق صرف ملک سے ہے اور یہ صرف اپنا فرض ادا کر رہا ہے، بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے، بدعنوانی نہ صرف ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرتی ہے بلکہ مستحق افراد اپنے حقوق سے محروم ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے احتساب سب کے لئے کی پالیسی کے تحت آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی انسداد بدعنوانی کی جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔
چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے فعال حکمت عملی کی وجہ سے سزاؤں کی مجموعی شرح 66 فیصد ہے، جو دنیا بھر میں وائٹ کالر جرا ئم کی تحقیقات میں اہم کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں موقر اداروں جیسے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، عالمی اقتصادی فورم، گلوبل پیس کینیڈا، پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے نیب کے مثالی کوششوں کو سراہا ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کسی دھمکی اور تنقید کے باوجود اپنی قانونی ذمہ داریاں ادا کرے گا، نیب کی انتظامیہ قانون کے مطابق انکوائریز اور تحقیقات کا عمل جاری رکھیں گی۔