وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب ممالک میں غربت کی اصل وجہ کرپٹ حکمران ہیں، پاکستان کی بدحالی کےذمہ داربھٹو اور شریف خاندان ہیں۔
غیرملکی ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ غریب ممالک وسائل کی کمی کی وجہ سے غریب نہیں بلکہ ان ممالک میں غربت کی اصل وجہ کرپٹ حکمران ہیں۔ان کا کہنا تھا کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، کرپشن ملک کو تباہ کردیتی ہے۔ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔عمران نے کہا کہ ہم ملک کو خوشحال بنانا چاہتے ہیں، ہمارا مقابلہ دو ایسے خاندانوں سے ہے جودولت سےمالا مال ہیں۔پاکستان کی بدحالی کے ذمہ دار بھی یہی دونوں خاندان ہیں۔ بھٹو اور شریف خاندان سیاست نہیں خاندانی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔
سیاست میں پیسہ بنانے کے لیے نہیں آیا
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں سیاست میں پیسہ بنانے کے لیے نہیں آیا بلکہ مشن کے تحت آیا ہوں، کچھ کرنا اور دینا چاہتاہوں، میری سوچ کے حامل لوگوں کو سیاست میں آنا چاہیے، وہ جوپیسہ بنانے کے لیے سیاست کا انتخابات کرتے ہیں ان کو مسترد کرنا چاہیے، میں کرپشن کے خلاف ہوں، کرپٹ عناصر کا تعلق خواں میری ہی جماعت سے کیوں نہ ہو کارروائی ہونی چاہیے، شوگر کمیشن اس لیے قائم کیا گیا کہ کرپٹ عناصر کی نشاندہی ہو۔
اسلام فوبیا کے خلاف دنیا کے ہرفورم پر بات کی
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام فوبیا کے خلاف دنیا کے ہرفورم پر بات کی، ہم اپنا مذہبی احساس رکھتے ہیں، مغربی ممالک کو ہمارے جذبات کا خیال رکھنا چاہیے، اسلام فوبیا پر بولا لوگوں کوسمجھ آیا، اس سے پہلے کسی پلیٹ فارم پر بات نہیں ہوئی تھی، قران پاک میں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کی پیروی کا حکم دیاگیا ہے، ہماری زندگی کی کامیابی حضرت محمد ﷺکی تعلیمات کی پیروی سے جڑی ہے، مغرب سمیت ہر ملک کو کسی کی مذہب کی توہین سے گریز کرنا چاہیے، ہم لوگ حضرت محمد ﷺ پر جان قربان کرتے ہیں لہذا ان کے حوالے سے جذبات حساس ہیں۔
کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پراجاگر کریں گے
وزیراعظم نے کہا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پراجاگر کریں گے جبکہ بی جے پی کی حکومت بھارت اورخطے کیلئےخطرناک ہے مجھے خدشہ ہے کہ بی جی پی کی موجودگی میں پاک بھارت ایٹمی جنگ نہ چھڑجائے۔
عمران خان نے انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ نائن الیون میں کوئی افغان شہری ملوث نہیں تھا لیکن افغانستان پرامریکا کی مسلط کردہ جنگ ایک جنونی عمل تھا۔
امریکا صدمے میں ہے
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں جو کچھ ہوا اس کے بعد امریکا صدمے میں ہے، افغانستان میں 2001 سے بھی زیادہ بدتر صورتحال پیدا ہوگئی ہے، افغان حکومت کے مزاحمت کے بغیر ہتھیار ڈالنے پر امریکا شدیدغم وغصہ میں ہے، افغانستان کی امداد کیلئےعالمی برادری کو آگے آنا چاہیے، افغانستان میں صورتحال خراب ہوئی تو پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوگا
ان کا کہناتھا کہ امریکا نے افغانستان میں نام نہادجنگ کے نام پر20 سال تک قبضہ کیے رکھا، سمجھ نہیں آیا امریکی افغانستان میں کیا اہداف حاصل کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ایک کروڑ 40 لاکھ عوام امداد کی منتظر ہیں اور امریکا کو اب افغان عوام کا ساتھ چھوڑنا نہیں چاہیے۔