کرپشن کرنے والوں کا مستقبل جیل ہے،چوروں کو سزا دینا ضروری ہے، فرخ حبیب

18  دسمبر‬‮  2021

وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ چوری، کرپشن اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کو سزا دینا ضروری ہے، کرپشن کرنے والوں کا مستقبل جیل ہے۔

فرخ حبیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کہتے تھے کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، شہباز شریف نے اپنے ملازمین کے نام پر اکاؤنٹس بنا کر اربوں روپے کی کرپشن کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 16 ارب روپے کی کرپشن پکڑی جانے کے بعد اب شہباز شریف قوم کو کیا جواب دیں گے؟ چوروں کا واحد علاج جیل اور ان سے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس نکلوانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی، حکومت ملک میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے، گزشتہ ادوار میں زرعی شعبے پر توجہ نہیں دی گئی۔وفاقی وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں کا دھیان صرف لوٹ مار، کرپشن اور اپنے بچوں کو نوازنے پر تھا، تین، تین بار اقتدار میں رہنے کے باوجود جب ہمیں اقتدار ملا تو ملک دیوالیہ کے قریب تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کی چھوٹی سے چھوٹی تکلیف کا بھی احساس ہے، موجودہ حکومت کی موثر پالیسیوں کے باعث زرعی اجناس کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، حکومت نے ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مزید کہا کہ 120 ارب روپے سے احساس راشن کارڈ لارہے ہیں جس سے عوام کو آٹا، چینی اور گھی سمیت بنیادی اشیائے ضرورت سستے داموں ملیں گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved