اسلام آباد میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس کیلئے ریاستی عمارتوں کی سجاوٹ سمیت رنگا رنگ تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود کے استقبال کیلئے پارلیمنٹ کی راہداری میں ریڈ کارپٹس بچھا دئیے گئے ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجا دیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے پرچموں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
اجلاس کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بڑے ہالز کو تیار کیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ دیگر خصوصی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔
او آئی اجلاس میں شرکت کیلئے رکن ممالک کے علاوہ دیگر ممالک کے وفود بھی شرکت کریں گے، جبکہ امریکہ، چین اور جرمنی کو بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے سینئر حکام کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔