بھارتی حکومت نے روس سے درآمد ایس 400 میزائل سسٹم کی پہلی کھیپ پاکستان کے ساتھ سرحد پر بھارتی پنجاب میں نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت نے روس سے 2018ء میں ایس 400 میزائل سسٹم کی خریداری کیلئے ساڑھے 5 بلین ڈالر کی مالیت کا جو معاہدہ کیا تھا، اس کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے اختتام تک بھارت پہنچ جائے گی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے ایس 400 میزائل دفاعی نظام کا پہلا اسکواڈرن پنجاب سیکٹر میں لگایا جا رہا ہے، اور یہ آئندہ چند ہفتوں میں آپریشنل ہوجائے گا۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ روسی میزائل سسٹم کی پہلی کھیپ کی ترسیل سمندری اور فضائی رستے سے کی جا رہی ہے، اور یہ جلد ہی طے شدہ مقام پر پہنچا دیا جائے گا۔
بھارت کے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طاقتور ترین دفاعی میزائل سسٹم کی پنجاب میں تنصیب سے پاکستان اور چین کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا آسانی سے مقابلہ کیا جا سکے گا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس دفاعی نظام کی تنصیب سے بھارتی افواج 400 کلو میٹر دور فضائی اور سمندری ہدف کو آسانی سے نشانہ بنا سکیں گی۔
یاد رہے کہ روس کی جانب سے بھارت کو بیچا جانے والا دفاعی میزائل نظام 4 آپشنز پر مشتمل ہے، یہ میڈیم رینج میں 250 کلو میٹر اور شارٹ رینج میں 120 کلو میٹر سے حملے روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں یہ صلاحیت بھی ہے کہ وہ دشمن کے جنگی طیاروں، بیلسٹک میزائلز اور طیاروں کو بھی دور سے روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ اس میزائل سسٹم کی خریداری پر امریکہ نے بھارت سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا، اور یہ وہی دفاعی نظام ہے جس کی خریداری پر امریکہ نے ترکی پر پابندیاں عائد کر دی تھی، عالمی دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے یہ معاہدہ جاری رکھا تو اسے بھی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔