وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قیدیوں کو معیاری کھانا فراہم کرنے کیلئے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کرنے کے علاوہ قیدیوں کیلئے مزید سہولتوں کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پریزن ریفارمز پیکیج پر عملدرآمد کیلئے جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب بھر کی جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جیلوں کے ہسپتالوں میں میڈیکل افسران کو علیحدہ کیڈر میں تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں قیدیوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہوتا رہا، ہم قیدیوں کی بہتری اور انہیں معاشرے کا اچھا شہری بنانے کیلئے کام کریں گے، وزیراعلیٰ نےجیل فاؤنڈیشن کے فنڈز کو قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ مختلف بیرکوں میں بند رشتے دار قیدیوں کی ملاقات کیلئے جامع لائحہ عمل بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیلوں میں قیدیوں کو 8 سے 40 چینل دیکھنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اور 29 جیلوں میں ٹی وی کیبل کی نیٹ ورکنگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ جیلوں میں 250 نئے واش رومز کی تعمیراور 2 ہزار 889 واش رومز کی مرمت کی جا چکی ہے، جبکہ سینٹرل جیل فیصل آباد ،میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کو سولرتوانائی پر منتقل کرنے کے ساتھ ہر ماہ جیلوں میں 2 بار میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔