وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں بسنے والے عیسائی مجھے بہت پیارے لگتے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ میں نے کبھی کسی عیسائی کو مانگتے ہوئے نہیں دیکھا، آپ مزدور ہیں، مکینک ہیں آپ سب کام کرتے ہیں، لیکن آپ بھیک نہیں مانگتے۔انہوں نے کہا کہ میں نے آپ سے ووٹ نہیں لینا کیونکہ میں پنڈی میں رہتا ہوں، لیکن میں دل سے کہتا ہوں کہ آپ مجھے بہت اچھے لگتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں نے سکول کے زمانےسے انجیل کی ایک آیت سنی ہے کہ ڈھونڈو گے تو پاؤ گے، مانگو گے تو ملے گا، کھٹکھٹاؤ گے تو کھلے گا، ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ آپ نے کوشش کرتے رہنا ہے، ہار نہیں ماننی، کیونکہ ہارتا وہی ہے جو ہار مان لیتا ہے، ہم سب کو اس آیت پر عمل کرنا چاہیے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ میں نے آج تک کسی دہشت گردی کے واقعے میں کسی عیسائی کا نام نہیں سنا، کیونکہ آپ پر امن لوگ ہیں، شام کے بعد تھوڑی مستی کرتے ہیں، لیکن اتنی جائز ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر عیسائی برادری سے وعدہ کیا کہ اگر میں زندہ رہا تو سی ڈی اے میں کرسچن کالونی بنواؤں گا۔