وزیراعظم چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے شہباز شریف سے مشاورت کیوں نہیں کرنا چاہتے، خصوصی اجلاس کی اندرونی کہانی

6  اکتوبر‬‮  2021

چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے اپنے اجلاس کے اندر حتمی سفارشات پر مبنی مسودہ تیار کر کے کل وزیراعظم عمران خان کو خصوصی اجلاس میں پیش کر دیا، جس کی وزیراعظم نے کل منظوری بھی دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ مسودہ مشیرپارلیمانی اموربابراعوان، وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم اور شہزاد اکبر نے تیار کیا ہے  اور مسودے میں نیب آرڈیننس میں ایک سے زائد ترامیم کی گئی ہیں۔ وزیراعظم کے ساتھ وفاقی کابینہ نے بھی سرکولیشن کے ذریعے آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے۔ چیئرمین نیب کے متعلق آرڈیننس  آج نافذ کیا جائے گا جس کے تحت موجودہ چیئرمین نئے چیئرمین کی تقرری تک کام جاری رکھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کل کے اجلاس میں دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے شہباز شریف سے بات نہیں کریں گے اور نہ ہی اپوزیشن سے مشاورت کی جائے گی۔ حکومت کا موقف یہ ہے کہ شہباز شریف تو خود نیب کے ملزم ہیں، ہم چور سے کیسے پوچھ سکتے ہیں کہ ان کا تفتیشی کون ہو گا؟

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن چاہتی ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے ان سے مشاورت کی جائے تو وہ اپنا اپوزیشن لیڈر تبدیل کر لیں۔

یاد رہے چیئرمین نیب کی مدت 8 اکتوبر 2021ء کو ختم ہو رہی ہے اور آئین کے مطابق چیئرمین نیب کی تعیناتی وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر باہمی مشاورت سے کرتے ہیں۔ لیکن حکومت کا موقف ہے کہ اپوزیشن لیڈر میں شہباز شریف پر نیب کیسز ہیں، وہ خود ملزم ہیں، ان سے چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے مشاورت نہیں کی جا سکتی۔

مسلم لیگ (ن) کاچیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے اقدام کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

حکومت کی طرف سے موجودہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کی خبروں کا مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو اپوزیشن کی کرپشن نظر آتی ہے حکومت کی نہیں، حکومت کو ایسا ہی اندھا چیئرمین نیب چاہیے، اگر حکومت نے موجودہ چیئرمین نیب کو توسیع دینے کی کوشش کی تو سپریم کورٹ جائیں گے۔

پیپلزپارٹی کا بھی چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کو پوری قوت سے روکنے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ تاریخ کے متنازع ترین چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں غیر قانونی توسیع کو پوری قوت سے روکیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved