ترجمان وزیراعظم، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی پوری سیاست مال لگاؤ اورمال کماؤ تک محدود ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہبازگل نے کہا کہ دھیلے اور دمڑی کی کرپشن نہ کرنے کے دعوے داروں کے پاس ثبوت نہیں ہیں۔شہبازگل نے کہا کہ درباری احتساب کو متنازعہ بنانے کے بجائے آقاؤں کی بے گناہی ثابت کرنے کا سوچیں۔ڈاکٹر شہباز گِل نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کیسز میں ضمانتی لوگوں کے ضمیر جگا رہے ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ شہبازشریف کرپشن، دھوکہ دہی اور لوٹ مار کی میراث پر بیٹھ کر جمہوریت کا راگ آلاپ رہے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صاحب نے صرف زرمبادلہ کا ذکر سنا ہے سمجھ کوئی نہیں، کاش زرمبادلہ کا سوال کبھی مفرور اسحاق ڈار سے بھی کرتے۔ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ نااہل ڈار نے زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب ڈالرز سے کم کرکے 7 ارب ڈالرز چھوٹے تھے۔ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پچھلے 4 سال کی بلند ترین سطح پہ پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں پہلے بھی آپکو شرمندگی کا سامنا تھا اور اب بھی ہوگا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ نا اہل شریفوں نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کا جواب دینے کے بجائے راہ فرار اختیار کی۔ شہبازگل نے کہا کہ مقدمات کو طول دینے کے لیے بیماری، پروپیگنڈہ اور الزامات کا سہارا لیا گیا۔