بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح‌ کا 145واں‌ یومِ پیدائش

25  دسمبر‬‮  2021

بابائے قوم محمد علی جناح کے 145 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کی سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھالیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل عمر احمد بخاری تھے، جنہوں نے بانیٔ پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
قوم کی جانب سے بانیٔ پاکستان کو سلام پیش کیا گیا اور ساتھ ہی قومی ترانہ پڑھا گیا، مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی میجر جنرل عمر احمد بخاری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
خیال رہے کہ قائد کے مزیر پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سال میں 3 بار، 14 اگست، 6 ستمبر اور 25 دسمبر کو منعقد ہوتی ہے۔
تقریب میں نیوی، ائیر فورس اور پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس بالترتیب ذمے داریاں سنبھالتے ہیں۔
بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں اسی مناسبت سے سیمینارز، کانفرنسز اور تقاریب منعقد ہوں گی۔ ان تقریبات میں بانی پاکستان کو ان کی گراں قدر خدمات اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
بابائے قوم قائدِ اعظم محمدعلی جناح 25 دسمبر 1876 کو سندھ کے موجودہ دار الحکومت کراچی میں پیدا ہوئے، انھوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں کیا۔ 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے انگلینڈ روانہ ہوئے جہاں سے انھوں نے 1896 میں وکالت کا امتحان پاس کیا اور بیرسٹر کی ڈگری حاصل کر کے وطن واپس آئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved