وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پاکستان آنا چاہیں تو جیب سے ٹکٹ آفر کرتا ہوں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کو 24 گھنٹوں میں پاکستان آنے کا ویزہ دوں گا، ان کو اپنی جیب سے ٹکٹ کی آفر کرتا ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری نے کہا کہ میں لاہور میں ٹینٹ لگانے لگا ہوں، آصف زرداری صاحب آپ کے اور میرے ٹینٹ اکھڑنے کا وقت آ گیا ہے، نواز شریف اور زرداری خاندان کرپٹ ہیں، لوگوں کو معلوم ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری چور ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سندھ کے 7 روزہ دورے پر آؤں گا، لوگوں کی تکالیف کو خود کم کروں گا، یہاں پتہ نہیں حلقہ بندی ہوئی یا نہیں ہوئی، یہاں کے شہریوں کے لیے پیپلز پارٹی نے کیا کیا ہے؟ مراد علی شاہ سے کہوں گا کہ مرکز کے ساتھ مل کر کام کریں۔نواز شریف اتنا زیادہ ڈرامہ کر کے وہ گئے، انہوں نے عدلیہ پر وار اور فوج کے خلاف باتیں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، ان کے خاندان کے 3 لوگ یہاں ہیں، وہ بھی آ جائیں، بیماری کا اتنا بہانہ کر کے یہ گئے مگر کسی ڈاکٹر کو نہیں دکھایا۔ یہ لوگ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ان لوگوں نے وہاں جا کر ٹارزن بننے کی کوشش کی لیکن ٹھس ہو گئے۔
بانی متحدہ سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بانی متحدہ کو زمانہ طالبعلمی سے جانتا ہوں، ان سے بات چیت نہیں ہو سکتی کیونکہ ان پر بہت سے قتل و غارت گری کے کیسز ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ تعلقات آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے۔شیخ رشید احمد نے عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ میں آپ کو گرین لائن بس سروس کی مبارک باد دیتا ہوں، کراچی میں بسوں کی چھتوں پر لوگ بھیڑ بکریوں کی طرح بیٹھے دیکھے ہیں۔