ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ نواز شریف صاحب کے آنے سے حکومت پریشان نہیں ہے بلکہ ان کے خاندان کے کچھ لوگ ضرور پریشان ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ریلیف کا منصوبہ لندن اور رائیونڈ میں تیار ہو رہا ہے لیکن یاد رکھیں کہ نواز شریف کو قانون کے مطابق سزا ملے گی.مسلم لیگ نون کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ جیت صرف قانون کی ہوگی،نواز شریف صاحب کے حوالے سے بہت شور ہے ان کے آنے سے حکومت پریشان نہیں ہے بلکہ ان کے خاندان کے کچھ لوگ ضرور پریشان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کی سیاست نے بھٹو صاحب کی وراثت ختم کر دی ہے، سندھ کے حالات اس وقت بہت پسماندہ ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کی دلہن کراچی کا سہاگ اجاڑ دیا گیا ہے، میری درخواست ہے کہ خدا کیلئے سندھ کے عوام کی حالت پر ترس کھائیں، میں نہیں سمجھتا کہ لاہور میں آپ کی کوئی سیاسی حیثیت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول صاحب لاہور آئیں، دہی بھلے کھائیں اور ڈیڑھ دو درجن لوگوں سے خطاب کریں اور واپس چلے جائیں کیوں کہ پنجاب میں پرفارمنس کی سیاست چلے گی، باتوں کی نہیں۔حسان خاور نے کہا کہ ہم ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، یہ تو جھولی پھیلا کر اللّٰہ سے دعا کرتے ہیں کہ ہماری صفوں میں لڑائی ہو۔ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔ہم ایسا نظام لیکر آنا چاہتے ہیں جس پر کسی کو اعتراض نہ ہو،ہمارا بلدیاتی نظام پاکستان کا سب سے بہترین نظام ہے۔
حسان خاور کے مطابق پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی جس پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نے ان تمام اتھاریٹز کی سرزنش کی جن کی کارکردگی ناقص رہی ،قائداعظم سولر کمپنی نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا، تمام محکمے بہترین کارکردگی دکھانے کے پابند ہوں گے ۔