پنجاب کابینہ نے 70 ہزار اساتذہ کی بھرتی کی منظوری دے دی

28  دسمبر‬‮  2021

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے بھر کے اسکولوں میں قرآن کریم کی لازمی تعلیم کے لیے عربی کے 70 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے اسکولوں میں قرآن کریم کی تعلیم سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے جب حکومت پنجاب سے رپورٹ طلب کی تو محکمہ تعلیم کے ایک اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں 7 ہزار اساتذہ کی تربیت کی جارہی ہے۔رپورٹ  میں بتایا گیا کہ بروز پیر کابینہ نے 70 ہزار اساتذہ کی بھرتی کی منظوری دی تھی۔بینچ نے درخواست کی سماعت 3 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو عمل درآمد کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ بینچ نے گزشتہ سماعت میں پنجاب کے سیشن ججز کو ہدایت کی تھی وہ اپنے اپنے علاقوں میں نگرانی کریں کہ آیا محکمہ تعلیم کے دعوے کے تحت قرآن کریم کو ایک علیحدہ مضمون کے طور پر پڑھایا جارہا ہے یا نہیں۔

اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے اپنی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ ضلعی تعلیمی اتھارٹیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران نے ہر اسکول (سرکاری، نجی و مدرسہ) کا دورہ کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ وہاں قرآن کریم کو ایک علیحدہ مضمون کے طور پر پڑھایا جارہا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز یا ان کا نمائندہ نہ صرف اس بات کا جائزہ لے گا کہ قرآن کریم کو ایک علیحدہ مضمون کے طور پر پڑھایا جارہا ہے بلکہ وہ محکمہ تعلیم کی جانب سے پیش کیے جانے والے حقائق کی بھی تصدیق کرے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved