ترکی کے صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اسی وقت خوشحال ہوگی جب آپس میں اتحاد اور یگانگت کو رواج دیں گے۔
ترک میڈیا کےمطابق ترک صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ اللہ اپنی آخری کتاب میں خوشخبری سناتا ہے کہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے، مولانا رومیؒ بھی فرماتے ہیں کہ نا امیدی کے بعد امیدیں جنم لیتی ہیں،تاریکی کے بعد اجالا ممکن ہوتا ہے ،ہر مشکل کے بعد ایک آسانی کا راستہ ہمیں ضرور نظر آیا ہے۔
۔ترک صدر نے کہا کہ کورونا کی وبا کے بعد آسانی اور آسودگی کا دور آئے گا جس کا ہم بھرپور لطف اٹھائیں گے جس کے لیے ضروری ہے کہ ابھی ہم احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے اس وبا کے خلاف جنگ کریں،وبا کے باعث بے روزگار ہوئے افراد کی مدد کرنا بھی ضروری ہے جبکہ معاشرتی طبقات کی خّوشحالی کے لیے صرف کردہ کوششوں میں اضافہ کرنا بھی ناگزیر ہے۔
صدر طیب اردوان نے کہا کہ مسلمان اسی وقت خوشحال اور آسودہ ہوسکتے ہیں جب اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت قائم کریں اور اسلام دشمنی، نفرت اور نسل پرستی جیسی برائیوں کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کریں، ہمیں نسل و رنگ کی تفریق کے بجائے اپنی صفوں میں جذبہ اخوت کو تقویت دینا ہوگی کیونکہ تمام مسلمان ایک دوسرے کے بھائی ہیں ، اسلام تفریق،قوم پرستی،فتنہ و فساد سے پاک مذہب ہے،ہمیں اپنے وجود کو در پیش تمام خطرات کے خلاف خیرسگالی اور شفقت و مرحمت کی مفاہمت کو اپنے معاشروں میں ترجیح دینا ہوگی، اگر ایسا کیاگیا تو اللہ تعالی ہم پر اپنی رحمتوں کے دروازے ضرورکھولے گا۔ عالم اسلام سے اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ظالموں کے خلاف سینہ سپر ہونا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔
جب تک امت مسلمہ حصول علم، تحقیق اور جستجو میں لگی رہی دنیا میں ان کی حکمرانی کا ڈنکا بجتا رہا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ایک عالمگیر اتحاد کا مظاہرہ کریں۔