موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ نے گروپس کے بار بار اور غیر ضروری پیغامات سے تنگ صارفین کیلئے ایک زبردست فیچر فراہم کرنے پر کام شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیٹا انفو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ نے گروپس کو ایک جگہ جمع کرنے کے حوالے سے کمیونیٹیز نامی فیچر پر کام شروع کیا ہے، جس کے بعد صارفین زیادہ سے زیادہ 10 گروپوں کو فولڈر کی طرح ایک جگہ جمع کرسکیں گے۔
کمیونٹیز دراصل واٹس ایپ گروپ کی طرح کا ہی ایک فولڈر ہوگا، جس میں 10 گروپ کو سیٹنگز کے ساتھ جمع کیا جا سکے گا، اور صارف خود ہی کمیونٹیز کا ایڈمن ہو گا، اور وہ گروپس ایڈمنز کی طرح کسی بھی میسج اور گروپ کو حذف کرسکے گا، اور صارف اپنی مرضی کے مطابق کمیونٹی کا نام اور گروپ کی تفصیل کو درج کرسکےگا۔
جب کوئی نیا ممبر کمیونٹی کو چھوڑ دے گا تو پھر اسے گروپ کا لنک اور یہاں شیئر ہونے والے مواد تک رسائی نہیں ہوسکے گی، بلکہ یہ خود بہ خود غائب ہوجائے گا۔
ابتدائی طور پر یہ فیچر فی الحال آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم پر بیٹا ورژن پر آزمائش کیلئے متعارف کرایا گیا ہے، جسے نتائج کے تجزئیے کے بعدجلد اینڈرائیڈ اور دیگر آپریٹنگ سسٹم پر بھی لانچ کر دیا جائے گا۔