ٹانک اور میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 اہلکار شہید، 2 دہشتگرد بھی ہلاک

31  دسمبر‬‮  2021

ٹانک میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ تبادلے میں 4 جوان شہید ہو گئے جبکہ 2 دہشتگرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک کے علاقے کوٹ کٹ میں سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے ہائی ویلیو ٹارگٹڈ جائنٹ آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں سے مقابلہ ہوگیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مقابلے کے دوران عصمت اللہ شاہین گروپ کے دو دہشت گرد دانیال اور شاہین عرف ذاکر ہلاک ہوگئے ہیں، دونوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان میں ملوث رہے ہیں، دہشت گردوں کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف اور ایمونیشن برآمد ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن علاقہ کوٹ کٹ میں کیا جارہا ہے، سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے، اور فائرنگ کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور آپریشن میں سیکورٹی فورسز کی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میر علی میں بھی کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کر لیا گیا، جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں حوالدار منور عمر 40 سال سکنہ بہاولنگر، سپاہی ذکاء اللہ عمر 31 سال سکنہ لکی مروت، سپاہی فرحان عمر 34 سال سکنہ کوہاٹ اور سپاہی شیراز عمر 30 سال سکنہ ایبٹ آباد شامل ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved