ایف بی آر کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے آلو کی آڑ میں لاکھوں روپے مالیت کی یوریا کھاد افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمینٹ کوئٹہ کی جانب سے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کو موصول ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ کوئٹہ ایف بی آر نے انسداد اسمگلنگ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے 72 لاکھ روپے کی غیر قانونی یوریا کھاد کی افغانستان اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
بلوچستان کے زمینداروں کے کھاد کے افغانستان اسمگلنگ کے خدشات درست ثابت ہوئے۔ کسٹمز اور لیویز نے چمن اور ڈیرہ مراد جمالی میں کارروائیاں کرتے ہوئے چار ٹرک کھاد تحویل میں لے لی۔
کسٹمز حکام کے مطابق عملے نے کسٹمز ہاؤس چمن میں ایکسپورٹ کی نیت سے آنے والے آلو کے ٹرک کی تلاشی لی تو اس میں 480 بوری یوریا کھاد برآمد ہوئی جس کی مقدار 24 میٹرک ٹن بنتی ہے۔
کسٹمز حکام نے چیکنگ کے دوران سراغ لگا کر گاڑی قبضے میں لے لی، دوران تلاشی ٹرک میں آلو کی بوریوں کے نیچے چھپائی گئی یوریا کی بوریاں درآمد کرکے قبضے میں لے لی ہیں۔
اس کارروائی کو وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور چئیرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے سراہتے ہوئے کلکٹریٹ کسٹمز اپریزمنٹ کوئٹہ کی ٹیم کو شاباش دی۔