مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔
پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین پر قاتلانہ حملے میں استعمال ہونے والے اسلحہ سے متعلق پتا لگا لیا۔ واردات میں استعمال ہونے والا پستول نیلا گنبد اسلحہ مارکیٹ سے خریدا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے 3 اسلحہ ڈیلرز کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے جبکہ پولیس نے خرید و فروخت کا ریکارڈ اور ڈی وی آر بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل شام کو رہنما مسلم لیگ ن بلال یاسین پر بلال گنج کے علاقے میں نقاب پوش افراد نے فائرنگ کی تھی۔ قاتلانہ حملے میں ایک گولی بلال شیخ کے پیٹ اور دوسری پاؤں میں لگی تھی۔ جو کامیاب آپریشن کے بعد نکال لی گئی تھی۔
پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر حملے کا مقدمہ گزشتہ شام دو نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ داتا دربار میں درج کر لیا تھا۔