اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں ٹرائل کورٹ کو کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا، عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف خواجہ آصف کی درخواست پر سماعت ہوئی ، سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کر دیا، یہ کیس 2012 کا ہے اور 2021 میں سوالات وضع کیے گئے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ کہتے ہیں کہ التواء عمران خان کی طرف سے ہوا؟ ہتک عزت کا کیس تو دو ماہ میں فیصلہ ہو جانا چاہیے تھا۔خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے التواء لیا گیا۔ عدالت نے وزیراعظم سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ شوکت خانم ہسپتال سے متعلق الزامات پر وزیراعظم عمران خان نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کا کیس دائر کیا ہے۔