پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)کی ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کی رپورٹ کے نکات سامنے آ گئے۔
پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ کے نکات سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق تحریک انصاف نے 77 میں سے صرف 12 اکاؤنٹس ظاہر کیے جب کہ 53 بینک اکاؤنٹس اور 31 کروڑ روپے کی رقم چھپائی گئی۔رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے 2008 اور 2009 کے دو بینک کھاتوں کو ظاہر نہیں کیاگیا، پی ٹی آئی نے نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے اکاؤنٹس تک رسائی نہیں دی جب کہ بغیر ظاہر شدہ فنڈز کے بارے میں اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں انکشاف ہوا۔
الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 2008 سے 2013 تک 1 ارب 33 کروڑ 22 لاکھ کے فنڈز ظاہر کیے اور الیکشن کمیشن میں 12 بینک اکاؤنٹس ظاہر کیے۔رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے سامنے 53 پارٹی بنک اکاؤنٹس چھپائے جب کہ اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیا کہ ریکارڈ کے مطابق پی ٹی آئی کے 65 بنک اکاؤنٹس ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سال 2008، 2009 اور 13-2012 میں پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے سامنے 1 ارب 33 کروڑ روپے کے عطیات ظاہر کیے، پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں عطیات سے متعلق غلط معلومات فراہم کی گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے بینک اسٹیٹمنٹ سے ظاہر ہے کہ پی ٹی آئی کو 1 ارب 64 کروڑ روپے کے عطیات موصول ہوئے اور پی ٹی آئی نے 31 کروڑ روپے سے زائد رقم الیکشن کمیشن میں ظاہر نہیں کی۔
دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ جب فارن فنڈنگ کیس کی رپورٹ سامنے آئے گی تو قوم دیکھے گی کہ سب سے شفاف فنڈز پی ٹی آئی نے جمع کیے۔