پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں سرخرو، مخالفین کے ارمان ٹائیں ٹائیں فش ہو گئے، فواد چوہدری

4  جنوری‬‮  2022

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچوہدری نے فارن فنڈنگ کے تاثر کو یکسر مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے، جس کا اکاؤنٹنگ اور فنڈنگ کا قانونی نظام موجود ہے اور ہم نے الیکشن کمیشن کو ایک ایک پائی کا حساب دیا ہے۔

آج کابینہ اجلاس کے بعد وزیرمملکت فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا  کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو ایک ایک پائی کا حساب دیا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ پی ٹی آئی آج ایک بار پھر سرخرو ہوئی اور مخالفین کے سارے ارمان ٹائیں ٹائیں فش ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  الیکشن کمیشن کو باقی تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کو بھی چیک کرنا چاہیے، تحریک لبیک پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کا حساب بھی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کا موازنہ عوام کے سامنے رکھے، الیکشن کمیشن کو کہتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی رپورٹ پبلک کردیں، ہم نے استدعا کی ہے کہ تینوں بڑی جماعتوں کی فارن فنڈنگ کی رپورٹ پبلک کی جائے۔

پارٹی اکاؤنٹس کی تفصیلات بتاتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 26 اکاؤنٹس ہیں، جس میں سے 8 اکاؤنٹس فعال نہیں ہیں، جبکہ 4 اکاؤنٹس سے ہم نے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان دنیا بھر سے فنڈز بھیجتے ہیں، لوگ اگر کسی پر اعتبار کرتےہیں تو وہ عمران خان ہیں، 6 اکاؤنٹس پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ وہ ویلفیئر اکاؤنٹس ہیں، رپورٹ میں ایک اکاونٹ کی ٹرانزیکشن کو ڈبل دکھایا گیا، ایک ٹرانزیکشن 15 کروڑ اور ایک ٹرانزیکشن 16کروڑ کی ہوئی۔

کابینہ اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا  کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسد عمر نے کورونا کی صورت حال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ ملک میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ہمیں احتیاط کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 2 ارب کی ویکسین منگوا کر مفت ویکسین لگوائی، صحت کارڈ کے ذریعے ہسپتال میں داخل ہوکر شہری 10 لاکھ روپے تک کامفت معیاری علاج کرواسکیں گے۔

فوادچوہدری نے سندھ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے سندھ حکومت کو 11ارب کا کورونا پیکج دیا لیکن حکومت سندھ نے ایک پائی کی ویکسین نہیں منگوائی، سندھ حکومت ہر معاملے میں بہت پیچھے ہے، سندھ حکومت سے درخواست ہے کہ صحت کے شعبے کیلئے مزید کام کریں، ان کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ حکومت سندھ احساس پروگرام میں شامل نہیں ہے، سندھ سے کہتا ہوں سیاست ہوتی رہےگی مگر صحت پر سیاست نہ کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری کیلئے فنڈز کی  فراہمی کی منظوری دی گئی ہے،  کیونکہ صاف شفاف الیکشن کرانا حکومت کی اولین  ترجیح ہے۔

ملک میں جاری مہنگائی کی لہر کو قابو کرنے کے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت کو غریب آدمی کی مشکلات کا احساس ہے اور حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئےبھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

فوادچوہدری نےمزید بتایا کہ اجلاس میں مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کی کاردگی کو سراہاگیا، ماحولیات سے متعلق امین اسلم ، زرتاج گل سمیت ان کی پوری ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، ماحولیاتی چیلنج سے نمنٹے کےلیے وفاقی حکومت اور عمران خان کے اقدامات کو دنیا ایک مثال کے طورپر دیکھتی ہے کیونکہ وزیراعظم پاکستان خود بھی ماحولیات کے حوالے سے بہت متحرک ہیں۔

اس موقع پر وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پی پی کے 35 کروڑ روپے کے فنڈز کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، پیپلزپارٹی نے ہر سال اپنے فنڈز چھپائے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی 45 کروڑ روپے کی فنڈنگ کا کوئی حساب نہیں ہے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے مطالبہ کیا کہ باقی تمام جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی مکمل جانچ ہونی چاہیے اور تمام پارٹیوں کے اکاونٹس کی رپورٹ پبلک کی جانی چاہیے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved