سعودی حکام نے ایک عمرے کے فوری بعد دوسرے عمرے کی سہولت ختم کردی۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق اب ایک عمرے کے بعد 10 روز کا وقفہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق 10روز سے کم وقفے پر عمرے کا اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔سعودی حکام نے یہ فیصلہ کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔
دوسری جانب کورونا کا پھیلاؤ، مسجد الحرام سمیت سعودی عرب بھر میں نئی پابندیاں نافذ کر دی۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب حرمین سمیت سعودی عرب میں نئی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا ہے۔سعودی عرب میں کرونا کی وبا کے حوالے سے چہرے پر ماسک لگانے سمیت متعدد حفاظتی اقدامات کو دوبارہ سے لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں بند یا کھلے مقامات پر تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کی انجام دہی کے دوران ماسک لگانے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندی دوبارہ سے عائد کر دی گئی ہے.ان پابندیوں کا اطلاق مسجد الحرام اور مدسجد نبویﷺ پر ہو گا اور نمازیوں کو نماز کے ساتھ ساتھ طواف میں بھی سماجی فاصلہ اختیار کرنا ہو گا۔