اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے، ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ترجمان پاک فوج

5  جنوری‬‮  2022

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے، ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کچھ عرصے پاکستان کے اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے، جس کا مقصد اداروں کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے، ہم ایسی تمام کارروائیوں سے آگاہ ہیں،اداروں کو نشانہ بنانے والے پہلے بھی ناکام ہوئے تھے اور آئندہ بھی ناکام ہوں گے، عوام اور افواج پاکستان کے درمیابن رشتے میں دراڑ ڈالنے میں ناکامی ہوگی۔سابق وزیراعظم نوازشریف سے ڈیل سے متعلق سوال پر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ’یہ سب قیاس آرائیاں ہیں، اگر کوئی اس طرح کی ڈیل کی بات کرتا ہے تو اسی سے بات کریں کہ کون ڈیل کررہا ہے ؟ اس کے محرکات کیا ہیں؟ ایسی کوئی چیز نہیں، کوئی ایسی بات کرتا ہے تو اس کی تفصیلات اس سے ہی پوچھیں، ڈیل کی باتیں بے بنیاد ہیں، اس پر جتنی کم بحث کی جائے اتنا ملک کے مفاد میں اچھا ہے۔

مغربی بارڈر پر صورتحال 

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ 2021ء میں آپریشن کے بعد پاک افغان بارڈر پر مکمل ریاستی رٹ بحال کی گئی، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا 94 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے، پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کا کام 71 فیصد مکمل ہو گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ امن کی باڑ ہے اور یہ ہر حال میں مکمل ہو گی، اکا دکا واقعات کو بردباری سے حل کرنا ہے، مقصد ایک ہی ہے کہ امن قائم ہو، اس سلسلے میں دونوں حکومتیں رابطے میں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ 2021ء میں شمالی وزیرستان میں اہم آپریشن کیا گیا، جس سے وہاں مکمل ریاستی رٹ بحال ہوئی، اگست 2021ء میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کا اچانک انخلاء ہوا، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے اثرات پاکستان کی سیکیورٹی پر پڑے۔

بھارت مذہبی انتہا پسندی کا شکار ہے

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 2021 میں ایل او سی پورا سال پرامن رہا، بھارتی فوج دہشتگردی کے نام پر مظلوم کشمیریوں کو شہید کررہی ہے، بھارت ایل او سی کے اردگرد بسنے والے لوگوں کو شہید کرچکا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت اندرونی طور پر مذہبی انتہا پسندی کا شکار ہے، بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے منفی اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved