پاک فوج کا خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشن، 2 جوان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک، 3 گرفتار

5  جنوری‬‮  2022

پاک فوج نے خیبر پختونخوا کے علاقوں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن کیا ہے، جس کے نتیجے میں 2  دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان کے گاوٴں کوٹ کلی میں کامیاب  آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک اور 3 کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ایک دہشتگرد نے خود کو فورسز کے حوالے کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوئے جن میں کرک کے 31 سالہ سپاہی فرید اللہ اور ڈی آئی خان کے 29 سالہ سپاہی شعیب حسن شامل ہیں، دونوں شہدا نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے انہیں جانی نقصان پہنچایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دیسی ساختہ بم، راکٹ سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved