اپوزیشن میں استعفٰے دینے اور لانگ مارچ کرنے کی ہمت نہیں ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

6  جنوری‬‮  2022

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں استعفٰے دینے اور لانگ مارچ کرنے کی ہمت نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں حلقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے، ایک طرف ہماری خدمت کی سیاست ہے اور دوسری طرف اپوزیشن کی منفی سیاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پی ڈی ایم کی انتشار پھیلانے کی سیاست نہیں چلے گی، یہاں صرف خدمت کی سیاست کو پذیرائی ملے گی۔عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن میں استعفٰے دینے اور لانگ مارچ کرنے کی ہمت ہے نہ حوصلہ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت مدت پوری کرے گی اور سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے، ہماری حکومت کو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ دینے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں رواں مالی سال 740 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پروگرام پر کام جاری ہے، ہر علاقے کی ترقی کیلئے خصوصی پیکیج دیا ہے، اب کوئی علاقہ ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے، محکموں میں اصلاحات کرکے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں، پنجاب کے بے مثال ترقیاتی پروگرام کے تحت ہر ضلع میں ترقی کے ثمرات پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کے سابقہ کلچر کو ختم کیا ہے، سابق دور میں ترقیاتی فنڈز کو ذاتی پسند و ناپسند کے تحت خرچ کیا گیا، نئے پاکستان میں پائی پائی امانت سمجھ کر دیانت کے ساتھ عوام پر خر چ کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں لالہ طاہر رندھاوا، سبین گل خان، لطاسب ستی، ندیم قریشی اور محمد سلیم شامل تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved