وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہماری حکومت کےاگلے3ماہ انتہائی اہم ہیں، آئندہ3ماہ میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا، ہمارے بہت سے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہورہی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے فوجی قیادت کیساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے، تمام تر شواہد کے باوجود یہ لوگ بچ نکل رہے ہیں، شہباز شریف کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، کیا کوئی انکار کر سکتا ہے شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی۔دوسری جانب وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ترقی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا شوکت ترین، فواد چودھری اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر مملکت فرخ حبیب، معاون خصوصی شہباز گل اور گورنر اسٹیٹ بینک و دیگر نے بھی شرکت کی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ غریب و متوسط طبقے کے لیے کم قیمت گھروں کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر رہے ہیں اور پہلی دفعہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے رہائشیوں کے لیے کم قیمت پر فلیٹ مہیا کیے جا رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ گھر بنانے کے لیے 38 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ ملک کے تمام شہروں کی حدود متعین ہونی چاہئیں تاکہ بے ہنگم پھیلاؤ روکا جا سکے۔