لاہور میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ طالبان سے خفیہ مذاکرات، ملک میں جاری مہنگائی اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری جیسے اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کا آغاز 27 فروری 2022ء سے مزار قائد کراچی سے ہوگا اور ہمارا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔ انہوں نے ملک میں فوری اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے، ہم نے ماضی میں بھی ملک کو بحران سے نکالا اور آئندہ بھی نکالیں گے۔
“ہم عوام کو اس معاشی و جمہوری بحران اور عمران کے عذاب سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے لانگ مارچ کا آغاز کرے گی اور اس نااہل حکومت کو گھر بھیجے گی۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری @BBhuttoZardari
4/5 pic.twitter.com/bTTZzSRpYK— PPP (@MediaCellPPP) January 6, 2022
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وہ آج اُس شہر سے حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کریں گے جہاں پر پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی، حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا، جسے جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے 7 سال تک غیر ملکی فنڈنگ کو چھپایا اور اس پیسے کو جمہوری جماعتوں کے خلاف سازشوں میں استعمال کیا جو قابل مذمت ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اس معاملے پر ان کے خلاف سخت ایکشن لے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے، حکومت سے نجات کیلئے صاف اور شفاف انتخابات ناگزیر ہیں، سی ای سی نے منشور اور الیکشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔