پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو اپنی پارٹیوں کے نام زرداریہ اور شریفیہ پارٹی رکھ لینے چاہئیں، فواد چوہدری

6  جنوری‬‮  2022

وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو اپنی پارٹیوں کے نام  بدل کر زرداریہ پارٹی اور شریفیہ پارٹی رکھ لینے چاہئیں، دونوں پارٹیاں بچوں کے ذریعے پریس کانفرنسز کرا رہی ہیں جو عمر میں نہیں سیاسی شعور میں بچے ہیں اور ان بچوں کو وقت کے ساتھ ساتھ پتہ چلے گا کہ سیاست کیسے کی جاتی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئےوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری  نے کہا کہ ہم پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی سے انتخابی ضابطہ اخلاق میں ترمیم لانے کے لئے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے رابطہ کر رہے ہیں، اراکین اسمبلی کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے کیونکہ سیاسی لوگوں کو ان کے حلقوں میں انتخابی مہم چلانے پر نوٹس جاری کرنا مضحکہ خیز ہے۔ خیبرپختونخوا کی طرح پنجاب میں بھی شفاف بلدیاتی انتخابات کرا نے جا رہے ہیں، قانون سازی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف 17 مہینے گزر جانے کے باوجود لندن میں اپنا علاج مکمل نہیں کرواسکے، مریم نواز نے آج پریس کانفرنس میں اپنی آڈیو لیک کو اصلی تسلیم کر لیا ہے، ان میں تھوڑی سی بھی شرم ہوتی تو وہ آج معافی مانگ لیتیں، پرویز رشید سینئر سیاستدان ہیں ان کی طرف سے معافی نامہ آجائے تو کوئی حرج نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں انتظار ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کا ریکارڈ بھی جلد سامنے لایا جائے تاکہ لوگوں کو پتہ چل سکے کہ کہاں کہاں سے فنڈنگ لی گئی اور کس طرح چھپائی گئی۔ چوہدری فوادحسین نے کہا کہ بھون داس نے کس طرح 3 کروڑ کی فنڈنگ کی اور حنیف خان نے کیسے ساڑھے 4 ارب روپے فنڈنگ کی اور کس طرح نواز شریف نے انہیں اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کیا۔

پارٹی میں تقرریاں

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاوہ صوبوں میں اپنے ایگزیکٹو اور ایڈوائزری بورڈز کا اعلان کر دیا ہے، کونسلیں سندھ کے علاوہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں الگ الگ تشکیل دی گئی ہیں۔ ایڈوائزری بورڈ تشکیل دے دئیے ہیں، فرخ حبیب کو پارٹی کا نیا مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سراج خان کو پارٹی کا مرکزی فنانس سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ سراج خان پہلے بھی سیکرٹری فنانس رہ چکے ہیں اور انہوں نے پارٹی فنڈنگ کو شفاف انداز میں منظم کرنے میں بطور احسن کردار ادا کیا ہے اور تحریک انصاف نے شفاف فنڈنگ کا نظام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کو پارٹی کے نئے تنظیمی سیٹ اپ کے حوالے سے صوبائی صدور سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

Fawad CH Addressing Press Conference
Fawad CH Addressing Press Conference

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 40 ہزار سے زائد ڈونرز تحریک انصاف فنڈنگ سسٹم کا حصہ ہیں ان کے شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف ایک مضبوط جماعت بن کر کھڑی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بھی تحریک انصاف نے شفاف انداز میں فنڈنگ کا ریکارڈ پیش کیا اور فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف جس طرح سرخرو ہوئی وہ تاریخ کا حصہ ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اس وقت تمام معاشی اعشارئیے مثبت ہیں، کورونا کے باوجود ہم معاشی ترقی دیکھ رہے ہیں،انسداد مہنگائی کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، آئندہ چند ماہ میں مہنگائی کی کمر ٹو ٹ جائے گی اور معاشی استحکام آئے گا، حکومت سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کا مریم نواز اور پرویز رشید سے معافی مانگنے کا مطالبہ بالکل درست ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اصلاحات پر اپوزیشن کے ساتھ ہروقت کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، میڈیا میں 24 گھنٹے اداروں پر بحث کرنا غیر صحت مندرجحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل پاکستان کے آئین کے ساتھ وابستہ ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved