پی سی بی نے ایوارڈز 2021کے کامیاب کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا

7  جنوری‬‮  2022

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سال 2021 کے لیے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔

محمد رضوان

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان سال 2021 کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔پی سی بی کے مطابق کیلنڈر ایئر 2021 میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ریکارڈ ساز 1326 رنز بنانے والے محمد رضوان نے سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی  کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔اس ایوارڈ کے لیے محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو نامزد کیا گیا تھا۔ایک روزہ میچ کے علاوہ محمد رضوان سال کے بہترین ٹی ٹوینٹی بلے باز کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

حسن علی

پی سی بی نے 9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بولر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا۔ انہوں نے اس سال ایک مرتبہ ایک اننگز میں 10 وکٹیں جبکہ پانچ بار ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دو پلیئر آف دی میچ اور ایک پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

بابر اعظم

پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو 6 ون ڈے میچز میں 2 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رنز بنانے پر ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔

شاہین شاہ آفریدی

ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے بولر شاہین شاہ آفریدی کے اسپیل کو سال کا متاثر کن کارکردگی ایوارڈ دیا گیا۔انہوں نے 24 اکتوبر 2021 کو ہونے والے میچ میں 31 رنز دے کر تین اہم بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

اس کےعلاوہ محمد وسیم جونیئر کو 2021 میں 15 انٹرنیشنل میچز سمیت 45 وکٹیں لینے والے ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر،  ندا ڈار کو 604 رنز بنانے اور 25 وکٹیں لینے پر سال کی بہترین خاتون کرکٹر، صاحبزادہ فرحان کو پاکستان کپ میں 487 رنز، قومی ٹی ٹوئنٹی میں 447 رنز اور قائداعظم ٹرافی میں 935 رنز بنا کر ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved