وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے 3 سال معاشی کامیابی کی کہانی ہیں، حکومتی پالیسیوں کی عالمی سطح پر مبصرین نے بھی تعریف کی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میکرو اکنامک ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہوا۔ جس میں ملکی معاشی صورتحال اورعام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورثے میں ملی مالی بحران سے نکلنے کے بعد معاشی استحکام کے مضبوط اقدامات اٹھائے گئے اور کورونا وبا کے دوران بھی تمام علاقائی ممالک کے مقابلے میں زیادہ معاشی ترقی ہوئی۔
برآمدات میں 25 فیصد اور ٹیکس ریونیو میں 38 فیصد اضافہ ہوا جبکہ زرعی شعبے میں ریکارڈ آمدنی اور صنعتی شعبے میں 950 ارب روپے کا منافع ریکارڈ کیا گیا۔ حکومت کی آئی ٹی پالیسی کی وجہ سے آئی ٹی کے شعبے میں ترقی ہوئی اور آئی پی پیز سے مذاکرات کے بعد ماہانہ گردشی قرضوں میں کمی دیکھی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت غیرمستحکم مالی حالات چھوڑ کر گئی، سابق حکومت نےکم مسابقتی کاروباری ماحول چھوڑا، ہماری حکومت کو نجی شعبے کیلئے کم مراعاتی پالیسی ورثے میں ملی، کورونا کی وجہ سے معاشی مشکلات بڑھیں، عالمی منڈی میں اجناس کی بلند قیمتوں سے براہ راست متاثر ہوئے، افغانستان میں انسانی بحران کےاثرات پاکستان پربھی ہورہےہیں، کورونا کے باوجود بھی شرح نمو 4 فیصد ہونا بڑی کامیابی ہے۔