سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف مدینہ مسجد طارق روڈ کی انتظامیہ نے جمعے کی نماز کے بعد احتجاج کیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ٹریفک جام رہی۔
طارق روڈ پر بنی مدینہ مسجد میں جمعے کی نماز کے موقع پر سیکڑوں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔نماز جمعہ کے بعد مدینہ مسجد انتظامیہ کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس کے باعث لبرٹی چوک سے بہادر آباد جانے اور آنے والے ٹریکس کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ کراچی تجاوزات کیس میں طارق روڈ پر قائم مدینہ مسجد کو بھی منہدم کرنے اور اس کی جگہ پارک کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔
اٹارنی جنرل کی جانب سے سپریم کورٹ نے مسجد کے انہدام کا حکم واپس لینے کی استدعا کی گئی تھی تاہم چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مسجد کو منہدم کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔