عمران خان اور بشریٰ بی بی کےخلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل

9  ستمبر‬‮  2024

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیشل جج سینٹرل کو ضمانت کی درخواستیں منتقل کردیں۔

تفصیلات کے مطابق نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی تو احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔

نیب پراسیکیوشن ٹیم نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت سننے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نیب ترامیم کے بعد ضمانت کی درخواستیں سننا اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب ترامیم کے بعد نیا توشہ خانہ ریفرنس متعلقہ عدالت کو منتقل ہونا ہے اور جس عدالت کو کیس منتقل ہونا ہے وہی ضمانت کا فیصلہ کرے گی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ قانون میں ترمیم کے بعد نیب کا کیس ختم ہو گیا ہے، نئے قانون کے تحت اب جرم بنتا ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی اس عدالت کی کسٹڈی میں ہیں اور قانون میں ترمیم کے بعد کیس منتقلی کی دلیل کو تسلیم کرتے ہیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ضمانت پر فیصلہ کر کے کیس کو دوسری عدالت کو منتقل کیا جائے لیکن نیب ترامیم کے بعد جب کیس بنتا ہی نہیں تو میاں بیوی کس جرم کے تحت بند ہیں؟

عدالت نے نیا توشہ خانہ ریفرنس اسپیشل جج سینٹرل کو منتقل کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت پر اسپیشل جج سینٹرل سماعت کریں گے۔

عدالت نے کہا کہ نیب ترامیم کے بعد یہ کیس کرپشن ایکٹ کے تحت ایف آئی اے کا بنتا ہے اور نیب ترامیم کے بعد اب نیب کا دائرہ اختیار اس کیس میں ختم ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواستوں پر بھی اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت فیصلہ کرے گی۔

احتساب عدالت نے کہا کہ نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں اور کیس اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔

عدالت نے نیا توشہ خانہ ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

بعد ازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ کیس ایف آئی اے عدالت کو منتقل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب ترامیم کے تحت 50 کروڑ روپے سے کم کے مقدمات نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، نیا توشہ خانہ ریفرنس میں مال مقدمہ کی قیمت 50 کروڑ روپے سے کم ہے، لہٰذا نیا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ نیا توشہ خانہ ریفرنس اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں اور ریفرنس کی فائل اسپیشل جج سینٹرل کو بھجوائی جائیں، فریقین کے وکلا کل 10 ستمبر کو اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved