سینیٹ میں جادو ٹونے کی روک تھام سے متعلق فوجداری قوانین میں ترمیم کا بل پیش کیا گیا۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز کی جانب سے فوجداری قوانین میں ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کیا گیا۔ بل جادو ٹونے کی روک تھام سے متعلق ہے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ جو شخص جادو کرے یا اس کی تشہیر کرے اسے 6 ماہ سے7 سال تک قید ہوگی۔ جرم کے مرتکب کو 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا اور جرم ناقابل ضمانت ہوگا۔
صدر ، وزیر سمیت پبلک آفس رکھنے والوں کی کم ازکم تعلیم گریجویشن ہونےکا آئینی ترمیمی بل بھی سینیٹ میں پیش کیا گیا۔
آئین کے آرٹیکل 62 میں ترمیم کا بل سینیٹر ثمینہ ممتاز کی جانب سے پیش کیا گیا۔
بل میں کہا گیا ہےکہ صدر مملکت، وزیر اعظم کی تعلیمی قابلیت کم سے کم گریجویشن ہو۔گورنر، وزیر اعلیٰ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر گریجویٹ ہوں۔
وفاقی وزرا اور وزرا مملکت اور صوبائی وزرا بھی گریجویٹ ہوں۔ ان عہدوں پر منتخب شخص کے پاس بیچلرز یا اس کے برابر کی ڈگری ہو۔
سینیٹر عینی مری نے وفاقی نگرانی نصاب ، نصابی کتب اور تعلیمی معیارات بل پیش کیا۔
بل میں کہا گیا ہےکہ مڈل اور ہائی اسکول کے نصاب میں تولیدی صحت تعلیم شامل کی جائے۔ سینیٹر شبلی فراز نے بل کی مخالفت کی۔