مسودے پر سب 99 فیصد متفق، پی ٹی آئی کو ایک دو چیزوں پر خدشات ہیں، اسلم غوری

19  اکتوبر‬‮  2024

جمعیت علماء اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ مسودے پر تقریباً سب لوگ 99 فیصد تک متفق ہیں، پی ٹی آئی کو ایک دو چیزوں پر خدشات ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسلم غوری کا کہنا تھا کہ بلاول ہاؤس کراچی میں میٹنگ میں مسودے کو فائنل کردیا تھا۔ ن لیگ کے دوستوں کو بھی وہی مسودہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مسودے پر اعتماد میں لیا۔ ہم چاہتے ہیں اتفاق رائے سے سب کچھ ہو۔ یہ حکومت کا مسودہ نہیں، جے یو آئی (ف) کا مسودہ ہے۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی پی ٹی آئی کی ٹیم بیٹھی ہوئی ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اتفاق رائے سے معاملہ حل ہو۔

انہوں نے کہا کہ مسودے پر تقریباً سب لوگ 99 فیصد تک متفق ہیں، پی ٹی آئی کو ایک دو چیزوں پر خدشات ہیں، اس پر بات جاری ہے۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ پی ٹی آئی قائل ہوجائے، امید ہے کہ وہ قائل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خدشات حکومت کو بھی ہوسکتے ہیں اور پی ٹی آئی کو بھی۔ ہم کسی کو لانا چاہتے ہیں نہ کسی کو روکنا چاہتے ہیں۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ خدشات کو دور بھی کیا جاتا ہے، کام رکا ہوا ہے تو خدشات پر رکا ہوا ہے۔ اصولی طور پر مسودے پر سب ہی متفق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی بند گلی میں نہیں جانا چاہیے، بات صرف اتنی ہے کہ آپ اپنے اصولوں پر کس حد تک کھڑے ہیں۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی کے دوست ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بغیر ان کے نمبر پوری نہیں ہوسکتے، ایسا اگر انہوں نے کرنا ہوتا تو کرچکے ہوتے۔ اس طرح کی ترامیم متنازع ہوگی، آئندہ آنے والی حکومت اس کو نکال دے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved