چیمپئینز ٹرافی میں بھارت کی عدم شرکت، پی سی بی نے آئی سی سی سے جواب مانگ لیا

12  ‬‮نومبر‬‮  2024

چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی عدم شرکت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے جواب مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے (پی سی بی) نے آئی سی سی کو ای میل میں پوچھا ہے کہ آپ نے زبانی طور پر بھارتی ٹیم کے پاکستان آکر آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی نہ کھیلنے کا بتایا، ہمیں یہ تحریری طورپر بتایا جائے کہ انڈین ٹیم آخر کس وجہ سے پاکستان آکر کھیلنے سے انکاری ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے ابھی تک آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان بھی التوا کا شکار ہے جبکہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں محض 100 سے بھی کم دن باقی رہ گئے ہیں۔

اسی طرح پاکستان میں اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش بھی آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے بھی اس بار بھی بھارت کو سخت جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اگر بھارتی ٹیم پاکستان آنے سے انکاری ہے تو پھر پی سی بی کو بھی بھارت کے ساتھ کسی بھی ایونٹ میں ٹیم نہ بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گزشتہ دنوں آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے بھارتی ٹیم نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد دونوں بورڈز میں تعلقات مزید خراب ہوگئے ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل پر کروانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے جس پر پاکستان نے صاف انکار کردیا ہے۔

بھارتی ٹیم کے انکار کے بعد ٹورنامنٹ کا مستقبل غیر یقینی دکھائی دے رہا ہے کیونکہ پاکستان نے بھی ہر محاذ پر بھارت کا مقابلہ کرے کی ٹھان لی ہے جبکہ ایونٹ کو ملک میں کروانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس میں بھارت کے علاوہ کسی اور ٹیم یعنی سری لنکا کو سامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved