ایتھوپیا کے شورش زدہ علاقے تیگرائی میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر فضائی حملے میں کم از کم 56 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق دو امدادی کارکنوں نے مقامی حکام اور عینی شاہدین کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فضائی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 56 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 زخمیوں کی حالت نازک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایتھوپیا میں حکومت مخالف علاقے تیگرائی میں اریٹیریا کی سرحد کے نزدیک پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملہ فوج کی جانب سے حکومت مخالف مسلح باغیوں کو کچلنے کے لیے کیا گیا ہے۔تاہم فوجی ترجمان کرنل گینیٹ اڈانے اور حکومتی ترجمان لیگیسی ٹولو نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
وزیر اعظم ابی احمد کی ترجمان بلین سیوم نے بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ حکومت اس سے قبل باغی فورسز کے ساتھ 14 ماہ کی لڑائی میں شہریوں کو نشانہ بنانے سے انکار کر چکی ہے۔