چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بھائی کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لسبیلہ میں ایک کار حادثے میں چیئرمین صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی اپنے ڈرائیور سمیت جاں بحق ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سالار خان سنجرانی کی گاڑی کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر اوتھل کے قریب آئل ٹینکر سے ٹکرائی تھی، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی سالار خان سنجرانی کراچی پہنچائے جانے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔
حادثے میں جاں بحق دوسرا شخص سالار سنجرانی کا ڈرائیور محمد یونس تھا، سالار سنجرانی کراچی سے کوئٹہ جا رہے تھے، کہ اوتھل کے قریب کار ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔سالار سنجرانی کی میت کراچی میں ساؤتھ سٹی اسپتال منتقل کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی رات 12 بجے نجی ایئر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچیں گے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے بھائی کی تدفین دالبندین میں ہوگی، فاتحہ خوانی آبائی گاؤں نوکنڈی میں کی جائے گی، جب کہ نماز جنازہ کے وقت کا اعلان میت پہنچنے کے بعد کیا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ کے چھوٹے بھائی ٹریفک حادثے میں جاں بحق
9
جنوری 2022