عرب اتحاد نے یمن کے علاقے العبدیہ میں فضائی حملوں میں 300 سے زیادہ حوثی جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ عرب اتحاد نے العبدیہ میں حوثیوں کی9 فوجی گاڑیوں اور ٹھکانوں کو فضائی آپریشن میں نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں میں 300 حوثی باغی مارے گئے ہیں ۔عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران العبدیہ میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی گاڑیوں اور جنگجو ؤں کو نشانہ بنانے کیلئے 43 کارروائیاں کی ہیں۔اتحاد نے یہ بھی کہا کہ حوثی جنگجواب امدادی تنظیموں اور کارکنوں کو علاقے میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔گذشتہ ماہ یمن کے شہر مآرب میں یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان لڑائی میں شدت آئی ہے اور حوثی باغیوں نے نئے جنگجو بھرتی کرکے اس محاذ پر بھیجے ہیں۔ یمن میں 2014ء کے حوثیوں کی طرف سے دارالحکومت صنعاء پر قبضے کے بعد گذشتہ 7 سال سے حوثی ملیشیا اور سرکاری فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ جس میں اب تک ہزاروں ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل حوثی باغیوں نے سعودی شہر جازان کے ائیرپورٹ پر ڈرون حملہ کیا تھا جس میں 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ گذشتہ ہفتے عرب فوجی اتحاد نے حوثی باغیوں کی کئی حملے ناکام بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں سعودی مشن کا ایک اجلاس میں کہنا تھا کہ حوثی حملوں پر عالمی طاقتوں کی خاموشی انہیں مزید ہوا دے رہی ہے، سلامتی کونسل اپنا کردار ادا کرے۔