کوئٹہ ميں مشرقی بائی پاس پر سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے ميں 6 مبينہ دہشت گردوں کو ہلاک کرديا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رات گئے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مغربی بائی پاس کے علاقے نیوکاہان مری کیمپ میں سی ٹی ڈی کی جانب سے آپریشن کیا گیا اس دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ کے نتیجے 6 دہشتگرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا، ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ہلاک ہونے والے ایک مطلوب دہشت گرد اصفر سمالانی کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چار سے پانچ دہشت گرد فرار ہوگئے۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل پولیس ، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر شاہ زیب اور دانیال کو بھی ہلاک کیا تھا، یہ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک کے علاقے میں کیا گیا تھا۔