جنوبی افریقا نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں شرکت سے روک دیا ہے۔
جنوبی افریقا کے کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں شرکت کے لئے این او سی دینے سے انکار کردیا ہے۔جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر گریم اسمتھ نے کہا ہے کہ بورڈ اپنے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لئے این او سی جاری نہیں کرے گا، یہ اقدام جنوبی افرقیا کے بین الاقوامی کرکٹ شیڈول اور مقامی کرکٹ ایونٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔
گریم اسمتھ نے کہا کہ جنوبی افریقا کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے جب کہ بنگلا دیش کی ٹیم کا بھی دورہ جنوبی افریقا شیڈول ہے، اس صورت حال میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو سب سے پہلے اپنی قومی فرائض کے لیے دستیاب ہونا چاہیے۔
جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کا پی ایس ایل کی کسی فرنچائز پر اثر نہیں پڑے گا کیونکہ پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میں عمران طاہر، رلے روسو اور مرچنٹ ڈی لانگے شامل ہیں اور یہ تینوں کھلاڑی جنوبی افریقا کے سینٹرل کنٹریکٹ میں نہیں۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 2022 کا آغاز 27 جنوری کو ہوگا، 32 روزہ ایونٹ میں 34 مقابلے ہوں گے۔