شہباز شریف شعبدہ باز ہیں، 30 سال حکومت کرنے کے باوجود بھی لیڈر نہیں بن سکے، فواد چوہدری

10  جنوری‬‮  2022

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سانحہ مری پر تنقید کرتے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئی کہا ہے کہ شہباز شریف شعبدہ باز ہیں، 30 سال حکومت کرنے کے باوجود بھی یہ لیڈر نہیں بن سکے۔

اسلام آباد – (اے پی پی):  آج قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد  چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف عادی شعبدہ باز ہیں، انہیں حادثات پر سیاست یا شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں آتا، تیس تیس سال حکومت کر کے بھی یہ لیڈر نہیں بن سکے، آج کا  پیبلو ایسکوبار ہمیں بتا رہا ہے کہ نیرو سو رہا تھا، انہوں نے پنجاب اور مری میں وسائل خرچ کئے ہوتے تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، شریف فیملی نے صرف اپنے محلات کھڑے کئے، ان کے دور میں ہونے والی ترقی ان کے گھروں تک محدود تھی، تحریک انصاف کے سوا مری ریسکیو آپریشن میں کوئی دوسری جماعت موجود نہیں تھی، اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے تیس سال میں بونے پالے جو بڑے نہیں ہو سکے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مری سانحہ پر ہر آنکھ اشک بار ہے، مری میں 64 ہزار گاڑیاں پانچ دن میں داخل ہوئیں۔ ہمیں فخر ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزرائے، پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سمیت ہمارے ورکرز مری میں عوام کے ساتھ کھڑے تھے۔ سول انتظامیہ، پاک فوج اور سول اداروں نے مری میں ریسکیو آپریشن کر کے لاکھوں لوگوں کو نکالا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ن لیگ کا کوئی بندہ مری میں نظر نہیں آیا، انہوں نے وہاں جانے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ چوبیس گھنٹوں کے اندر ریسکیو آپریشن کر کے تمام سڑکیں کلیئر کر دی گئیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے تو ہر روز نیا واقعہ رونما ہوتا تھا، ان کے دور میں ہسپتال میں آکسیجن نہ ہونے کی وجہ سے 100 بچے ہلاک ہو گئے تھے اور یہ منہ دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا واقعہ رونما ہوا، معصوم لوگوں پر گولیاں برسائی جا رہی تھیں اور شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں روکنا میرا کام نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شریف فیملی نے صرف اپنے محلات کھڑے کئے، ان کے دور میں ہونے والی ترقی ان کے گھروں تک محدود تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تین سالوں میں 13 نئے ریزارٹس بنائے، وزیراعظم عمران خان نے بلین ٹری سونامی پروگرام کا آغاز کیا، ملک میں سیاحت کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں انقلاب برپا ہو چکا ہے اور یہ ہمیں سبق دے رہے ہیں کہ ہمیں کیا کرنا چاہئے تھا۔

اپوزیشن آئندہ سات سال روتی رہے گی

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں اندرونی سیاحت کی ایک نئی حقیقت نے جنم لیا ہے، آج الحمد للہ لاکھوں لوگ اندرون ملک سیاحت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے انتظامی اسٹرکچر کی ضرورت ہے جو بڑی آبادی کی ضروریات کو پورا کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ  ہم نے نیا پاکستان کا وعدہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم نیا پاکستان بنا کر رہیں گے،معیشت، انتظامی، سیاحت سمیت ہر شعبے میں ان لوگوں کے بوئے ہوئے کانٹے ہم صاف کر رہے ہیں، اپوزیشن آئندہ سات سال بھی روتی رہے گی، ان کا کام رونا ہے۔ ان شاءاللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved