وزیراعظم کے معاون خصوصی نے سانحہ مری پر اپوزیشن کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیاسی شعبدہ باز ہیں، جوقومی سانحات پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ایل این جی کے مہنگے ترین معاہدے کر کے ملک بیچنے والے اصل مجرم ہیں،سیاسی شعبدہ باز قومی سانحات پر سیاست کر رہے ہیں۔
منگل کو شاہد خاقان عباسی کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ 15 سال کی مدت کے لیے 16 ارب ڈالر کے معاہدے کرنے والے نااہل تھے۔ ایل این جی کے مہنگے ترین معاہدے کر کے ملک بیچنے والے اصل مجرم ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ یہ لوگ ملک کا سودا کرنے والے جوابدہی کے بجائے اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش میں ہیں،سیاسی شعبدہ باز قومی سانحات پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، اداروں اور عوام نے مل کر مری کے سیاحوں کی مدد کی، جبکہ اپوزیشن نے سانحے کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کیا۔
یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سانحہ مری پر وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے،جبکہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔