عثمان مرزا ویڈیو بلیک میلنگ کیس، متاثرہ لڑکی اپنے بیان سے مکر گئی، ملزم کو پہچاننے سے بھی انکار

11  جنوری‬‮  2022

عثمان مزرا ویڈیو بلیک میلنگ کیس میں آج نیا موڑ اس وقت سامنے آیا جب مدعی لڑکے اور متاثرہ لڑکی نے ملزمان کو پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے ان پر عائد الزامات کی تردید کر دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ای الیون میں واقع مقامی عدالت میں  لڑکا اور لڑکی کو برہنہ کر کے ویڈیو بنانے اور بلیک میل کر کے رقم ہتھیانے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں  متاثرہ لڑکی (س) اور لڑکا اسد ڈسٹرکٹ اینڈسیشن عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت متاثرہ لڑکی کی جانب سےعدالت میں اسٹامپ پیپر پر تحریری بیان جمع کرایا گیا، متاثرہ لڑکی نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا یہ سارا معاملہ پولیس نے خود بنایا ہے، میں یہ بیان حلفی کسی کے دباؤمیں آکر نہیں دے رہی، اس سے قبل نہ میں نے کسی ملزم کو شناخت کیا اور نہ ہی کسی پیپر پر دستخط کئے۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ پولیس والےمجھ سےمختلف اوقات میں سادہ کاغذوں پردستخط اور انگوٹھے لگواتے رہے، میں کسی ملزم کو نہیں جانتی اور نہ کیس کی پیروی کرنا چاہتی ہوں۔ متاثرہ لڑکی نے عثمان مرزا کو بلیک میلنگ کے نتیجے میں رقم دینے کے الزامات کی بھی تردید کر دی اور کہا  کہ میں نے آج تک کسی کو کوئی رقم نہیں دی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد اور برہنہ کر کے ویڈیو بنانے کا یہ کیس سامنے آیا تھا، جس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت 3 افراد کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انکشاف ہوا کہ عثمان مرزا کے گینگ نے متاثرہ لڑکی اور لڑکے کو ویڈیو کی بنیاد پر بلیک میل کر کے 13 لاکھ روپے کی رقم وصول کی ہے، ان تمام الزامات کی متاثرہ لڑکی نے آج تردید کر دی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved