وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج رات 9 بجے سے مری اور گلیات کو کھول رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مری کو آج رات 9بجے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے تسلیم کیا کہ ایک لاکھ 64 ہزار گاڑیاں مری چلی گئیں ہمیں روکنا چاہئے تھا، لیکن لوگ بھی نہیں رک رہے تھے، اور پولیس سے الجھ رہےتھے، ہم نےکئی گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی لیکن لوگ جانا چاہتے تھے یہ پولیس کے بس کا کام نہیں تھا، اس لئے ہم نےفورسز سےمدد لی۔
یاد رہے کہ برفانی طوفان کے باعث 7 جنوری کی رات مری میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، جس کے بعد روزانہ اس میں 24 گھنٹوں کی توسیع کی جاتی رہی۔ تھوڑی دیر پہلے حکومت نے 17 جنوری تک یہ پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت آج رات 9 بجے سے یہ پابندی ہٹا رہی ہے۔